Sunday, December 4, 2011

عبادت کا مفہوم - سید ابو ال اعلی مودودی

خدا کی عبادت کے معنی یہ نہیں ہیں کہ بس پانچ وقت اُس کے آگے سجدہ کرلو ۔بلکہ اس عبادت کے معنی یہ ہیں کہ رات دن بھر میں ہر وقت اس کے احکام کی اطاعت کرو جس چیز سے اس نے منع کیا ہے اس سے رُک جاو ۔ جس چیز کا اُس نے حکم دیا ہے اُس پر عمل کرو ۔ ہر معاملہ میں یہ دیکھو کہ خدا کا حکم کیا ہے ۔ یہ نہ دیکھو کہ تمہارا اپنا دل کیا کہتا ہے ، تمہاری عقل کیا کہتی ہے ، باپ دادا کیا کر گئے ہیں ، خاندان اور برادری کی مرضی کیا ہے , جناب مولوی صاحب قبلہ اور جناب پیر صاحب قبلہ کیا فرماتے ہیں ، اور فلاں صاحب کا کیا حکم ہے اور فلاں صاحب کی کیا مرضی ہے ۔ اگر تم نے خدا کی مرضی چھوڑ کر کسی کی بھی بات مانی تو خدائی میں اُس کو شریک کیا . اُس کو وہ درجہ دیا جو صرف خدا کا درجہ ہے ۔ حکم دینے والا تو صرف خدا ہے۔  اِنِ الۡحُكۡمُ اِلَّا لِلّٰهِ‌ؕ ۔ بندگی کے لائق تو صرف وہ ہے جس نے تمہیں پیدا کیا اور جس کے بل بوتے پر تم زندہ ہو ۔  زمین اور آسمان کی ہر چیز اُس کی اطاعت کررہی ہے۔ کوئی پتھر کسی پتھر کی اطاعت نہیں کرتا ۔ کوئی درخت کسی درخت کی اطاعت نہیں کرتا۔کوئی جانور کسی جانور کی اطاعت نہیں کرتا۔پھر کیا تم جانوروں اور پتھروں سے بھی گئے گزرے ہو گئے کہ وہ تو وہ صرف خدا کی اطاعت کریں اور تم خدا کو چھوڑ کر انسانوں کی اطاعت کرو؟  


{مسلمان کسے کہتے ہیں۔خطبات حصہ اول - مولانا سید ابو ال اعلیِ مودودی رحمتہ اللہ علیہ }

No comments:

Post a Comment